مدارس نے ہمیشہ ملکی مفاد کا تحفظ کیا،جدید تعلیم کی فراہمی میں مدد دینگے،وزیراعظم

مدارس کے انتظام کے حوالے سے انہیں زیادہ سے زیادہ خودمختاری دینے کے ساتھ رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا:اتحاد تنظیمات المدارس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف سے اتحاد تنظیمات المدارس کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد نے وزیراعظم کو مدارس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے مدارس کے منتظمیں کو یقین دلایا کہ حکومت ان مدارس کے انتظام کے حوالے سے انہیں زیادہ سے زیادہ خودمختاری دینے کے ساتھ ساتھ نہ صرف ان کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید سہل بلکہ ان مدارس میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی میں ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ان کیلئے جید علماء کے وفد سے ملاقات باعثِ مسرت و عزت ہے۔آپ تمام علماء کی ملک میں دینی شعبے کی تعلیم و تدریس کیلئے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔دینی مدارس میں ملک کے چالیس سے پچاس لاکھ طلباء مفت دینی تعلیم سے فیضیاب ہو رہے ہیں۔جن میں حفظِ قرآن پاک بھی کروایا جاتا ہے. وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ مدارس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

ملاقات میں صدر جمیعتِ علماءِ اسلام مولانا فضل الرحمن، مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی منیب الرحمن، صاحبزادہ عبدالمصطفی ہزاروی، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، مولانا عبدالمالک، مولانا افضل حیدری، مولانا عبدالکبیر آزاد اور مولانا فضل رحیم اشرفی کے علاوہ دیگر جید علماء کے ساتھ ساتھ وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، رانا ثناء اللہ خان، مفتی عبدالشکور، معاونِ خصوصی سید فہد حیسن اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔.

Comments are closed.