نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، عمران خان
13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پائوں میں گرے ہوئے ہیں،لائو لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی،آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا، سابق وزیراعظم
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور راسخ الہیٰ نے زمان پارک میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ہے۔باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات،خاص طور پر آٹے کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
عمران کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی۔نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا۔آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں۔پنجاب حکومت کی ڈائرکیشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے این آراو کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں۔عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہر فیصلے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں۔مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے۔
Comments are closed.