ایک کھوکھلا انسان پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے، عطاء تارڑ

گزشتہ روز اسمبلی میں ہمارے 177 ارکان موجود تھے جبکہ حکومتی ارکان کی تعداد 140 تھی، پوری ورکنگ کر کے تعداد بتا رہا ہوں کہ ہم اپنے نمبر پورے ہونے کے حوالے سے پُراعتماد ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی میڈیا سے گفتگو

لاہور : وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبر پورے ہیں، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ روز اسمبلی میں ہمارے 177 ارکان موجود تھے جبکہ حکومتی ارکان کی تعداد 140 تھی، پوری ورکنگ کر کے تعداد بتا رہا ہوں کہ ہم اپنے نمبر پورے ہونے کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔

معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ پرویز الہٰی کے نمبر ہی پورے نہیں ہوں گے، خواتین ممبرز بھی کہہ رہی ہیں کہ ہم نے پرویز الہٰی کو ووٹ نہیں دینا، پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں، بھاگ تو حکومت گئی ہے، بھاگ تو مونس الہٰی گئے ہیں، دیر یا سویر اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ وفاقی وزراء کا داخلہ پنجاب اسمبلی میں نہیں ہوسکتا، پنجاب اسمبلی گجرات کی ضلعی کونسل نہیں اور نہ ہم اس کو بننے دیں گے، پی ٹی آئی اور اتحادی آپس میں لڑ رہے ہیں کہ زیادہ کرپشن کس نے کی۔

Comments are closed.