خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل، گورنر نے وزیراعلیٰ کی سمری پر دستخط کردیئے

1973 کے آئین کےآرٹیکل کے تحت کے پی اسمبلی تحلیل کرتاہوں،اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے، موجودہ وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری تک کام کریں گے، گورنر حاجی غلام علی

پشاور : گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی۔

محمود خان نے کہا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔

گورنر غلام علی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے لیکن محمود خان نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک اپنا کام جاری رکھیں گے۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ 1973 کے آئین کےآرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت کے پی اسمبلی تحلیل کرتاہوں،اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے، آرٹیکل اے224 کی شق (4) کے تحت موجودہ وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری تک کام کریں گے۔

پنجاب اسمبلی پہلے ہی تحلیل کی جاچکی ہے جہاں نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

Comments are closed.