آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ ہوجائے گا،شہباز شریف
پاکستان آج اس دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال دیکھ کر ہم نے ترجیحات مقرر کی ہیں جس میں خوراک اورادویات کی درآمد کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توقع ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ ہوجائے گا، گزشتہ حکومت کی جانب سے اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی اور چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات سے چینی حکام کو تکلیف پہنچی۔ ایم ایل ۔ون منصوبہ کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد گرین لائن ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج اس دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال دیکھ کر ہم نے ترجیحات مقرر کی ہیں جس میں خوراک اورادویات کی درآمد کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ پوری امید ہے کہ آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہوجائے گا اور مشکلات سے نکل آئیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایم ایل ۔ون منصوبہ ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔ چین کی حکومت اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کےلئے پرعزم ہے۔ گزشتہ حکومت میں چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے چینی حکام کو تکلیف پہنچی ، چار سال میں تعلقات کو جو ٹھیس پہنچی ان کو واپس لانا آسان کام نہیں تاہم برف پگھل رہی ہے۔
Comments are closed.