باس اورچپڑاسی کی قانون کا سامنا کرنے پرہوا نکلی ہوئی ہے، رانا ثنا اللہ

شیخ رشید کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں، قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلو ہیروئن نہیں ڈالی، سیاسی مسخرہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے،قانون کے نیچے لائوں گا کے ڈائیلاگ بولنے والا قانون کے نیچے آنے سے کیوں ڈرتا ہے؟، وزیر داخلہ کا ٹویٹ

  • اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناااللہ نے شیخ رشید کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باس اور چپڑاسی دونوں کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے۔
    وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی اور اس سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں۔ سیاسی مسخرہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے، صرف قانون پر عمل ہوا ہے، پسلیاں تو نہیں تڑوائیں؟ میڈیا کے سامنے پولیس والوں کو دھکے دینے والا مارپیٹ کرنے کا جھوٹ بول رہا ہے۔
    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قانون کے نیچے لائوں گا کے ڈائیلاگ بولنے والا قانون کے نیچے آنے سے کیوں ڈرتا ہے؟ قانون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کرنا پولیس کا قانونی فرض ہے، طیبہ گل کی طرح اغوا کیا ہے نہ بشیر میمن کی طرح واش روم میں بند کیا ہے، قتل اور دہشت گرد تنظیموں سے رابطے ہونے کا الزام سنگین الزام لگانے والے قانون کا سامنا کریں، خلاف قانون کام نہیں کیا تو عدالت کو بتادیں۔
    وزیر داخلہ نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران نے سیاسی مخالفین، سچ بولنے والے صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا، جھوٹے مقدمے بنوائے، گزشتہ 4 سال کےسیاہ دور میں صحافیوں کو گولیاں ماری گئیں، پسلیاں توڑی گئیں، باس اور چپڑاسی دونوں کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے، یہ ہر اس ادارےکو گالیاں دیتے ہیں جو ان سے جواب مانگے۔

Comments are closed.