جس نے مجھے پکڑا اس کی حکومت گئی:شیخ رشید،2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پولیس کی جانب سے8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،سابق وزیرداخلہ زرداری سے متعلق عمران خان کے بیان پرقائم،پولی کلینک میں یورین ٹیسٹ کرانے سے انکار،ہم امپورٹڈ حکومت ختم کرکے رہیں گے، 15 فروری کے بعد نقشہ بدل جائے گا، گفتگو،اسلام آباد پولیس کی گرفتاری کے دوران بچوں اور ملازمین پرتشدد کی تردید

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ ‏رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کی جانب سے 8 روزہ ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی۔عدالت نے شیخ رشید کی جانب سے پولیس کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی خارج کر دی۔۔شیخ رشید کہتے ہیں کہ میں ‏نے عمران خان کی طرف سے بات کی کہ آصف زرداری عمران خان کوقتل کرنا چاہتے ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔پولیس نے سابق وزیرداخلہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے سے پہلے پولی کلینک میں ان کا طبی معائنہ کرایا تاہم شیخ رشید نے الکوحل ٹیسٹ کےلئے یورین ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے بتایاکہ ‏شیخ رشید نے کہاکہ آصف زرداری عمران خان ‏کو قتل کرنے کی سازش کررہے ہیں جس سے آصف زرداری کےخاندان کیلئے خطرہ پیدا کررہے ہیں۔جج ‏نے استفسار کیا ‏آصف زرداری نےخطرہ سے متعلق آپ کوبتایا ؟پراسیکیوٹر بولے ‏شیخ ‏رشید نے خود بیان دیاہے۔شیخ رشید کا فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ اوروائس میچ ٹیسٹ ضروری ‏ہوگا۔

وکلاء نے موقف اپنایاکہ شیخ رشید کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا۔‏شیخ رشید کیخلاف اندراج مقدمہ عدالتی حکم ‏کی خلاف وزری ہے۔بغاوت کی دفعات پراندراج مقدمہ وفاقی یا صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔‏شیخ رشید نے کہاکہ انہوں نےعمران خان کی طرف سےبات کی کہ آصف زرداری انہیں قتل کرنا ‏چاہتے ہیں مجھ سے پوچھا جارہاہے کہ عمران خان نےتم سے کیا انفارمیشن شئیرکی۔عمران خان نے جوکہا ہے وہ درست ہے۔۔عمران خان ‏کے پاس آصف زرداری کیخلاف ثبوت ہیں۔

واضح رہے کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کے بیان پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔

پولی کلینک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس نے بھی انہیں گرفتار کیا اس کی حکومت ختم ہوئی۔پوری رات کا جاگا ہوا ہوں، میری گھڑیاں اور پیسے لیےگئے، ملازموں کو مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹوکی حکومت ہو یا نوازشریف کی جس نے مجھےگرفتارکیا وہ ختم ہوئی، ہم امپورٹڈ حکومت ختم کرکے رہیں گے، 15 فروری کے بعد نقشہ بدل جائے گا، ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، سب سن لیں یہ نواز شریف کی سیاسی موت ہے، ان کو خوف ہے کہ ان کی حکومت جا رہی ہے, شہباز شریف تمہارے دن گنے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کے اس الزام کی تردید کی کہ گرفتاری کے دوران کے بچوں یا ملازمین کو مارا گیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شیخ رشید جھوٹ بول رہے ہیں۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کےساتھ بدتمیزی کی تاہم اہلکار خاموش رہے۔

Comments are closed.