ترکیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ اکاؤنٹ قائم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرینِ زلزلہ ترکیہ کےلئے اکاؤنٹ قائم کردیا گیا، وزیراعظم نے قوم سےعطیات کی اپیل کی ہے۔وفاقی کابینہ نےمتفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے افسران کی ایک دن کی تنخواہ بھی عطیہ دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا،،جاں بحق افراد کی مغفرت، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی، وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں،پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہونے کا بھی اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک آف پاکستان کی تقرری کے عمل کو از سر نو شروع کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے قانون فوجداری ترمیمی بل کے حوالے سے ایک کابینہ کمیٹی قائم کر دی جو بل کو مسودے کا بغور جائزہ لے کر اپنی رپورٹ اگلی کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔کمیٹی میں وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ،اعظم نذیر تارڑ،سردار ایاز صادق اوراتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔۔.

Comments are closed.