حکومت پاکستان نے بیرون ملک فضائی سفر کرنے والوں پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا، بزنس کلاس ٹکٹ پر دو لاکھ 50 ہزار روپے تک ٹیکس عائد ہوگا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران بتایا کہ ضمنی مالیاتی ترمیمی بل 2023 میں چند مزید ترامیم کے ذریعے بیرون ممالک سفر کرنے والوں پر ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ جنوبی امریکہ جانے والے بزنس کلاس مسافروں کے لئے ٹکٹ پرڈھائی لاکھ روپے، یورپی ممالک کے فضائی ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ لاکھ روپے فکس کردی گئی۔
وزیرخزانہ کے مطابق مشرقی وسطیٰ، ایشیا اور ایشیاء پیسیفک کے ممالک جانے والے مسافروں کے لیے بزنس اور فرسٹ کلاس فضائی ٹکٹوں پر ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیکس ہوگا،جب کہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے بزنس کلاس اور فرسٹ کلاس ٹکٹ پر ڈیوٹی 75 ہزار روپے فکس کردی گئی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے فضائی سفر کرنے والوں پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے پی ڈی ایم حکومت کا سلوک شرمناک ہے، دبئی کے ٹکٹ میں 50 ہزار اور شارجہ کے ٹکٹ میں 75 ہزار روپے کا ٹیکس عائد کیا گیاہے۔ امریکہ جانے والے اڑھائی لاکھ اور لندن اور یورپ والے ڈیڑھ لاکھ روپے تک ٹیکس بھریں گے، پاکستان میں رہنے والے اور اوورسیز سب اس حکومت سے تنگ ہیں۔
Comments are closed.