امریکی شہر راکیسٹر میں میوزک کنسرٹ کے اختتام پر بھگدڑ، خاتون ہلاک 9 افراد زخمی

نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے شہر راکیسٹر میں میوزک کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون ہلاک جب کہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔

راکیسٹر شہر کے مرکزی بازار میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات قریباٍ 11 بجے کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ ریپ سٹار گلوریلا کا کنسرٹ ختم ہونے کے بعد کنسرٹ کے شرکاء واپس جا رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں ایک ہلاکت جب کہ 9 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس چیف ڈیوڈ ایم سمتھ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فائرنگ کے نتیجے کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کے حوالے سے تاحال کوئی شواہد نہیں ملے۔ جائے حادثہ سے 33 سالہ خاتون جو کہ بری طرح زخمی تھیں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج دم توڑ گئی جب کہ 9 زخمیوں میں سے مزید دو کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ باقی 7 کی زندگیاں خطرے سے باہر ہیں۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، راکیسٹر کے میئر ملک ایوانز نے واقعہ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے جامع تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی پر الزام عائد کرنا قبل از وقت ہوگا تاہم ذمہ داروں کا احتساب ضرور کیا جائے گا۔

ریپ سٹار گلو ریلا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ وہ دعا گو ہیں کہ تمام لوگ ٹھیک ہوں۔

Comments are closed.