لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں، درجنوں کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، تشدد اور شیلنگ سے متعدد کارکنان زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بلال عرف ظل شاہ نامی ایک کارکن سر پر گہری چوٹیں لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پی ٹی آئی کے پرتشدد ہنگاموں کے دوران امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کی کوشش میں پولیس کے کئی جوان شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے دو ڈی ایس پیز سمیت گیارہ اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈی ایس پی سبزہ زار، ڈی ایس پی ٹاؤن شپ شامل ہیں جبکہ ایس ایچ او ہنجروال بھی پتھراؤ سے زخمی ہوئے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکن کے جاں بحق ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی ریلی منسوخ کر دی ہے اور کارکن کی موت پر پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کارکن کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نہتے، جانثار اور پرجوش کارکن علی بلال کو پنجاب پولیس نےشہید کردیا، انتخابی ریلی میں شرکت کیلئےآنے والےنہتے کارکنان کے ساتھ ایسا وحشیانہ سلوک نہایت شرمناک ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان اس وقت خون کے پیاسےمجرموں کےچنگل میں ہے، ہم کارکن کے قتل کا مقدمہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی اور میں درج کرائیں گے۔ بلال کو پولیس حراست میں قتل کیا گیا۔
Comments are closed.