اپوسٹل کنونشن، سپین دفتر خارجہ کا 9 مارچ کے بعد کاغذات کی تصدیق سے انکار، پاکستانی کمیونٹی پریشان

پاکستانی دفتر خارجہ کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے سپین کے علاوہ یورپ کے کئی ممالک کے لیے کاغذات کی تصدیق کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیاہے۔سپینش فارن منسٹری کا کہنا ہے سپین 9 مارچ سے اپوسٹل کنونشن کے تحت جاری کی گئی دستاویزات کو ہی قبول کرے گا۔پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے تاحال کسی قسم کی ہدایات کسی بھی سفارتخانے کو جاری نہیں کی گئیں نہ ہی کسی قسم کا دفتر قائم کیاگیاہے جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔

سفیر پاکستان شجاعت راٹھور کے مطابق وہ اس معاملے پر ہسپانوی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں ان کو بتایا گیاہے پاکستان ابھی تیاری کے مراحل میں ہے پاکستانی کمیونٹی کی دستاویزات پہلے ہی کی طرح قبول کی جائیں۔ تاہم ابھی تک سفارتخانے کو ہسپانوی حکام کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا

اپوسٹل کے تحت رکن ملک اپنے ملک کے اندر ایک اتھارٹی مقرر کر دیتا ہے جو تمام سرکاری دستاویزات کی تصدیق کر دیتی ہے اور یہ تصدیق تمام رکن ممالک میں قابل قبول ہوتی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے پاکستان کے اپوسٹل سے الحاق کے بعد ملک بھر میں نوٹری دفاتر مخصوص قائم کرنے تھے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ان دفاتر میں جا کر اپنی دستاویزات کی تصدیق کروا سکیں لیکن تاحال ان دفاتر کے حوالے کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

 

بارسلونا میں مقیم نوجوان قانونی ماہر عمیر ڈار کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا دفتر خارجہ حکام کو اس کا نوٹس لینا چاہیے

Comments are closed.