راولپنڈی : پانی کے عالمی دن کے موقع پرواٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ جس کا بنیادی مقصد دور حاضر میں پانی کی اہمیت کو عوام الناس پر اجاگر کرنا ہے۔ جہاں اس دنیا کو اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے وہاں پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا بھی ہے پوٹھوہار ریجن میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیرزمین اور سطح کے پانی کومحفو ظ بنانے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پانی کی اہمیت سے ہر شہری کو روشناس ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آنے والے وقتوں میں جنگیں بھی پانی کی تقسیم پر ہوں گی اس لئے ہمیں چاہیے کہ پانی کو احتیاط سے استعمال کریں اور بحیشیت مسلمان ہمارا مذہب بھی پانی کے ضیاع سے روکتا ہے۔ واسا راولپنڈی شہریوں کوصاف پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے سیف انور جپہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر، واسا/ آرڈی اے افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر نے کہا ملک بھر کی طرح راولپنڈی کے شہریوں کو بھی پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کی بنیادی وجہ زیر زمین پانی کی سطح میں کمی اور پانی کے نئے ذخائر کی بروقت تعمیر نہ ہونا ہے۔ اس صورت حال میں جہاں واسا صاف پینے کا پانی شہریوں تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے وہاں ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں اور اللہ تعالی کی اس انمول نعمت کی قدر کریں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ واسا کے ساتھ تعاون کریں اوراپنے پانی و سیوریج کے بل بروقت ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پانی کی بچت اور ضیاع سے روکنے کیلئے واسا نے پانی کی مقدار سے لیکر کوالٹی تک کو بہتر بنایا ہے اور زیر زمین پانی کی لیکجز کوفوری ختم کرنے کے لئے دن رات اقدامات کررہا ہے جس سے نہ صر ف پانی کی کمی کو دور کیا جا سکتا بلکہ انسداد ڈینگی مہم میں بھی مدد ملے گی۔ انہو ں واساملازمین پر زور دیا کہ وہ سروس ڈیلوری کو مزید بہتر کریں تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رمضان میں سحری و افطار کے اوقات میں منی فلٹریشن پلانٹس سے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ٹیوب ویلوں کی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی بلکل برداشت نہیں جائے گی۔ آ خر میں تمام شرکاء نے مری روڈ پر عوام میں پانی کے استعمال کے متعلق آگاہی واک بھی کی۔
Comments are closed.