چیف جسٹس،2 ججز کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے، رانا ثنااللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سمیت تین ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس سمیت تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا معاملہ زیر غور ہے، ریفرنس دائر کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا لیکن تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تینوں ججز کا ایک کافی لمبا ریکارڈ ہے کہ ایسے فیصلے دیئے جو ن لیگ کے خلاف تھے، ایک فیصلہ ایسا بھی ہے جسے صرف مسلم لیگ ن ہی غلط نہیں کہتی، بلکہ اس فیصلے کو ہر وہ شخص جو قانون کو تھوڑا بہت جانتا ہے آئین ری رائٹ کرنے کے مترادف قراردیتا ہے اور وہ فیصلہ 63 اے کے متعلق ہے جس کے تحت پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ختم کی گئی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ اب بھی ایسا محسوس ہورہا ہے تینوں جج صاحبان ہر قیمت پر اس فیصلے کو خودکرنے پر بضد ہیں۔نو رکنی بینچ بنا پھر 7 کا رہ گیا، پھر5 کا رہ گیا، پھر چار کا رہ گیا اور اب تین کا ہے، تینوں ججز نے فل کورٹ کی استدعا مسترد کردی ہے، تینوں ججز نے اپنے ساتھی اکثریتی ججز کی بات بھی تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے، ہمارے پاس کوئی صورت نہیں کہ ہم اپنا احتجاج نوٹ کرائیں۔

Comments are closed.