مولانا فضل الرحمن کے انکشاف پر کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں، فواد چودھری

اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے انکشاف پر کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو اپنے قد کے مطابق بات کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمن کی طرف سے انکشاف ہونا بڑی اہمیت کا حامل ہے، مولانا فضل الرحمن نے نام لیے ہیں۔ کن کن لوگوں سے ان کی بات ہوئی تھی، ان کی بات پر کمیشن بنا کر تحقیقات کی جانی چاہئیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے گورنر کی طرف سے کیے گئے انکشافات پر ردعمل نہ دینا حیران کن بات ہے، ہندوستان کے اندر ایک بہت بڑی آگ لگی ہوئی ہے، حیران ہوں جن پر الزام لگا وہ بات ہی نہیں کر رہے، آج ہندوستان سفارتی طور پر پاکستان کو ہر جگہ تنہا کرنے میں کامیاب ہے، حیران ہوں پاکستان کی حکومت اس وقت خاموش بیٹھی ہے۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد لازم ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دھڑا دھڑ قرار دادیں پاس ہو رہی ہیں، ان قرار دادوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو پوری جوڈیشری بیٹھ جائے گی، پریس ریلیز جاری کرنا جوڈیشری کا کام نہیں، جوڈیشری کو اپنے فیصلوں سے بولنا چاہیے۔

Comments are closed.