ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے کے حوالے سے حال ہی میں کیے گئے تازہ ترین انکشافات نے پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پلوامہ حملے سے متعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات کے حوالے سے بیان دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی۔ عالمی برادری پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم کا جائزہ لے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔
گزشتہ روز قابض بھارتی جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے ایک انٹرویو میں پلوامہ حملے سے متعلق حیران کن انکشافات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کو حملے کا علم تھا لیکن مودی نے فوجیوں کو بچانے کے بجائے مروا دیا اور ملبہ پاکستان پر ڈال دیا۔
ستیہ پال کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب میں نے معاملے کو اٹھایا تو مودی نے مجھے پلوامہ حملے کے فوراً بعد کوربٹ پارک سے باہر بلا لیا۔ مودی نے مجھے پلوامہ حملے پر خاموش رہنے کو کہا اور اس بات کا ذکر کسی سے نہ کرنے کو کہا۔
Comments are closed.