شوال کا چاند نظرنہیں آیا،عیدالفطر ہفتہ 22 اپریل کو ہوگی

ملک بھر میں کہیں بھی عید الفطر کا چاند نظر نہیں آیا۔یکم شوال عید الفطر بروز ہفتہ 22 اپریل کو ہو گی۔رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا۔

ملک بھر میں یکم شوال عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیتی کے اجلاس منعقد ہوئے۔ پشاور، کراچی، کوئٹہ اور لاہور سمیت کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق غروب آفتاب کے بعد اکیس منٹ کے بعد چاند بھی غروب ہو چکا۔

چیئرمین مرکزی روئیت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کورتے ہوئے کہا آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ محکمہ موسمیات، سپارکو اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ آج ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ پاکستان میں عید الفطر بروز ہفتہ کو ہوگی۔

دوسری جانب مسجد قاسم علی خان کی انتظامیہ نے بھی پورے 30 روزے رکھنے اور عید ہفتے کو منانے کا اعلان کردیا البتہ شمالی وزیرستان میں چاند نظر آنے پر عید آج جمعے کو منانے کا اعلان کیا گیا۔رکن قومی اسمبلی محسن داوڑنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم آج جمعے کو عید منارہے ہیں۔سب کو عید مبارک۔

برونائی میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیا، انڈونیشیا، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ، جاپان اور آسٹریلیا میں بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ منائی جائے گی۔سعودی عرب۔متحدہ عرب امارات۔قطر اوربرطانیہ میں چاند نظر آنے کے بعدآج جمعے کو عید منانے کا اعلان کردیا۔

Comments are closed.