آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن ملکی برآمدات، بین الاقوامی تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں
سڈنی میں عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے شوکیسنگ پاکستان تقریب کا انعقاد
کینبرا: دنیا بھر میں دالوں کی پیداوار اور استعمال کے فروغ کے حوالے سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سالانہ عالمی کانفرنس کے موقع پر شوکیسنگ پاکستان کے عنوان سے تقریب منعقد کی گئی، پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے کے لئے تقریب کا انعقاد پاکستان ہائی کمیشن کینبرا نے گلوبل پلسز کنفیڈریشن (جی پی سی) کے اشتراک سے کیا۔
واضح رہے کہ گلوبل پلسس کنفیڈریشن دالوں کی صنعت سے وابستہ کے تمام شعبوں کی نمائندہ عالمی تنظیم ہے جو کہ دنیا بھر کے کاشتکاروں، محققین، لاجسٹکس سپلائیرز، تاجروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان سے لے کر حکومتی اداروں، کثیر جہتی تنظیموں، پروسیسرز، کینرز اور صارفین تک دالوں کی صنعت کی ویلیو چین کے تمام حصوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ جی پی سی پلسز کانفرنس انڈسٹری کی سب سے بڑی عالمی تقریب ہے جو 50 سے زیادہ ممالک کے اہم شراکت داروں کو اکٹھا کرتی ہے۔
آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے شرکاء کو پاکستان کی مارکیٹ کی صلاحیت سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ پاکستان چوبیس کروڑ افراد کے ساتھ ایک بڑی صارف مارکیٹ ہے جس کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ہائی کمشنر نے پاکستان میں خوراک کے شعبے کی پوری ویلیو چین بشمول محققین، کاشتکاروں، پروسیسرز، درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان سے لے کر صارفین تک کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے تاجروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
اس موقع پر زاہد حفیظ چوہدری نے عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستانی تاجر برادری کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں ہائی کمیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
گلوبل پلسز کنفیڈریشن کی صدر سنڈی براؤن نے دالوں اور کینولا کی برآمد کے حوالے سے پاکستانی مارکیٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جی پی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رینڈی ڈک ورتھ نے بھی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ گلوبل پلسز کنفیڈریشن ینگ پروفیشنلز کے بانی رکن فیصل انیس مجید نے آسٹریلوی سپلائرز اور پاکستانی خریداروں کے درمیان ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر ہائی کمیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
آسٹریلین ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کمیشن (آسٹریڈ) کے اظہر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے لےن ترجیحی مارکیٹ ہے۔ کورونا وباء کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے میں اضافہ ہوا ہے۔ شوکیسنگ پاکستان تقریب میں پاکستان، آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں مندوبین نے شرکت کی۔
Comments are closed.