اقوام متحدہ میں عالمی یوم یوگا کی تقریب میں مودی کی شرکت، سکھوں کا احتجاج

نیویارک: اقوام متحدہ میں یوگا کے حوالے سے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بھارتی وزیراعظم مودی کی شرکت کے موقع پر امریکا میں بسنے والے سکھوں نے نیویارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا،

اقوام متحدہ میں انٹرنیشنل یوگا ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے شرکت کی ہے، اس موقع پر امریکا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شریک افراد بھارتی حکومت اور نریندرا مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔

سکھ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مودی سرکار کی پشت پناہی میں مظالم کیے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں عائد ہیں، مودی حکومت نے شدت پسند تنظیموں کے ذریعے سکھوں، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

مظاہرین کے مطابق مودی حکومت نے ہندتوا سوچ کے تحت بھارت کو صرف ہندوؤں کا ملک بنا رکھا ہے، اس لیے سکھ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور الگ ملک خالصتان کا مطالبہ کرتے ہیں، مظاہرین نے خالصتان تحریک کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔

جس وقت بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ کے احاطہ میں یوگا تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس وقت ٹرک پر سکرینز لگا کر ویڈیوز کے ذریعے نیویارک کی سڑکوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جاتا رہا۔

Comments are closed.