مون سون بارشوں کی پیشگوئی،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور دلشاد کا راولپنڈی کادورہ

رپورٹ: سردار عمران اعظم

 راولپنڈی: محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کے ہیوی سپل کی پیشگوئی،نگران وزیراعلی کی ہدایت پر مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور محمد دلشاد نے راولپنڈی کا ہنگامی دورہ کیا اور نالہ لئی کی صفائی سمیت واسا کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر کی جانب سے مشیر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ نالہ لئی میں کوڑاکرکٹ و تعمیراتی ملبہ پھینکنے حوالے سے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔ مون سون کے دوران ہیوی مشینری اور اسٹاف کو الرٹ رکھنے کیلئے رین ایمرجنسی نافذ ہے۔ محکمہ موسمیات اور ضلعی انظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر ہے ہیں اور کمشنر راولپنڈی اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

 مشیر وزیر اعلی ٰ پنجاب کنور دلشاد نے واسا کی تیاریوں پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ نگران حکومت نے نالہ لئی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو گزشتہ حکومت کی کوتاہی کی وجہ سے شروع نہ ہو سکا تھا۔ حکومت پنجاب نے نالہ لئی اور چھوٹے نالوں کیلئے بروقت فنڈز بھی مہیا کیے ہیں ۔ کنور محمد دلشاد نے کہاکہ نالہ لئی اور دیگرچھوٹے نالوں کی صفائی کا کام مزید تیز کیاجائے۔

 انہوں نے کہاکہ شہر میں نالوں پر تجاوزات ایک سنگین مسئلہ ہے جس کا سدباب ضروری ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات دی گئی ہیں تاہم متاثرین کی بحالی کا بھی خیال رکھا جائے۔ مشیر وزیر اعلی ٰ پنجاب نے کہاکہ گڈ گورننس سے شہر کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں اور نگراں حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.