اسلام آباد:مقبوضہ جموںو کشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین اور سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے قابض بھارتی انتظامیہ سے بھارت اور مقبوضہ جموں کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظربندی کے دوران حریت پسند رہنماوں اور کارکنوں کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماوں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے بھارت اور مقبوضہ جموں کشمیر کی دور دراز جیلوں میں نظربند کر رکھا ہے۔ انہوں نے نظربندی کے دوران بعض حریت قائدین اور کارکنوں کے مہلک بیماریوں میں مبتلا ہونے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
عبدالصمد انقلابی نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ جیلوں میں حریت پسند نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گررہی ہے۔ عبدالصمد نقلابی نے کہا ہے کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،جس کا عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے۔
Comments are closed.