اسلام آباد: لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
لاہور میں کئی گھنٹوں سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش کے باعث لیسکو کے 70 فیڈرزسے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ شدید بارش کے باعث بجلی بحالی اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور میں دوموریہ پل کے نیچے کھڑے پانی میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ رائے ونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ ڈی سی لاہور نے بارشی پانی یا دریا میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں 14 سالہ لڑکا گڑھے میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ادھر حفاظتی بند ٹوٹنے سے دریائے راوی کا سیلابی پانی ملتان روڈ کے متعدد دیہات میں داخل ہوگیا جس سے ان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سیکڑوں ایکٹر اراضی میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
چترال:سیلاب سے سڑکیں پل تباہ، مکانات بہہ گئے، سیکڑوں افراد کی نقل مکانی
دنین اور کوغوزی گاؤں میں زبردست سیلاب کی وجہ سے 8 مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ کوغوزی میں 4 دکانیں، موٹر سائیکلیں اور کئی مویشی خانے ریلے میں بہہ گئے۔ کوغوزی کے مقام پر پل بہہ جانے سے ہر قسم کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے۔چترال میں کاری کے مقام پر واقع پل تباہ ہوکر دریا میں گر گیا۔ شدید سیلاب شاہی قلعہ چترال کے 4 قدیم چنار کے دیو ہیکل درخت بھی اپنے ساتھ بہا لے گیا ۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیلاب سے شاہی قلعہ چترال کو بھی نقصان پہنچنے کا خد شہ ہے۔
سیلاب سے دریائے چترال کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے اور ایون قصبے کا وسیع علاقہ پانی میں ڈوب چکا ہے۔ سیلاب سے ہزاروں ایکڑ زمینیں، باغات اور کھڑی فصلیں ملیا میٹ ہو گئیں۔ نہری نظام اور سڑکوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ سیلاب کے نتیجے میں نقصانات کے بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔
Comments are closed.