جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس،پرویز الہی ٰکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

 اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں چوہدری پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ عدالت نے چوہدری پرویز الہی کی ضمانت کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ دوران سماعت چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ پنجاب کی کوئی جیل رہ نہیں گئی جہاں مجھے بھیجا نہ گیا ہو، دل میں اسٹنٹ پڑے ہوئے ہیں۔

دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے پرویز الہی ٰ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کی عدالت میں پیش کیا۔ پرویز الہی کے وکلاء سابق وزیر اعلی ٰ پنجاب کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی جبکہ پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ پرویز الہی ٰنے جوڈیشل کمپلیکس حملے کیلئے گاڑیاں، بندے اور مالی معاونت فراہم کی جس پر تفتیش کرنی ہے، دس روز کا مزید جسمانی ریمانڈ دیاجائے ۔

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استدعا مسترد کرتے ہوئے پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے جیل میں اہل خانہ سے ملاقات اور گھر کے کھانے کی درخواست بھی منظور کر لی ۔پرویز الہی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کی گئی جس پر عدالت نے فریقین کو 11 ستمبر کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

Comments are closed.