راولپنڈی :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کے مسلسل تعاون سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی،ہر پاکستانی کی حفاظت و سلامتی انتہائی اہم ہے جس پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب میں کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے ادارے دشمن قوتوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ ہم ایک مضبوط قوم ہیں جس نے امن اور استحکام کے حصول کے لیے بہت سی مشکلات برداشت کیں۔عوام بالخصوص نوجوان نسل کو ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی معلومات میں اضافہ کرنا ہوگا ۔
غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے آرمی چیف کا کہناتھا کہ ہر ایک پاکستانی کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ شرکاء کو اسمگلنگ، بجلی چوری اور انسداد منشیات اورغیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف اقدامات سےبھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج ریاستی اداروں کیساتھ مل کر مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے مصروف عمل ہے۔
Comments are closed.