ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے، اتفاق رائے ہوگیا

اسلام آباد:  ملک  بھر میں  عام انتخابات 8 فروری  2024 کو ہوں گے ، صدر   مملکت ،چیف   الیکشن کمشنر  اور  اٹارنی جنرل کے  درمیان   اتفاق  رائے ہوگیا۔ایوان  صدر  اور الیکشن کمیشن کی جانب سے   الگ ،الگ  اعلامیہ جاری کردیا۔

   سپریم کورٹ کی ہدایت پر اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے وفد نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ طویل ملاقاتیں کیں جس میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوان صدر سے جاری   اعلامیے میں  کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر اسکندر سلطان راجہ  نے  اٹارنی منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن کے چار ممبران کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔  ملاقات میں  آئندہ  عام انتخابات کے انعقاد  کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے  صدرمملکت کوحلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے  پیشرفت  سے آگاہ کیا گیا  جسکے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کرلیا۔۔دوسری جا نب الیکشن کمیشن  ترجمان  کاکہناہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران  نے صدر  مملکت سے ملاقات کی  اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات کو ہوں گے ۔

 ذرائع کے  مطابق ملاقات میں صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے کہا کہ آپ کو دو بار مشاورت کے لیے بلایا لیکن آپ آ ئینی عہدے کو خاطر میں نہ لائے ، الیکشن  کی تاریخ  سے متعلق  گفتگو ہوئی تو صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر سے الگ سے ملاقات کا کہا جو 20منٹ  تک جاری رہی۔  واضح رہے کہ     الیکشن کمیشن نے  سپریم کورٹ میں 11 فروری  2024 کو عام انتخابات کی تاریخ  دینے  پر چیف جسٹس   سپریم کورٹ نے   الیکشن کمیشن کو  حکم  دیا کہ  صدر مملکت سے مشاورت کرکے  جمعے کو تحریری جواب  جمع کروائیں۔تحریری جواب میں صدراورالیکشن کمیشن کے دستخط ہونا لازمی ہیں۔

سپریم کورٹ میں  سماعت کا احوال

 اس سے  قبل نوے روز میں انتخابات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کیا انتخابات کی تاریخ دی، جس پر وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے بتایا کہ ملک میں عام انتخابات 11 فروری کو ہوں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نوے روز میں انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر اورسپریم کورٹ بارکے وکیل نے دلائل مکمل کیے توالیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے دوران سماعت ملک میں عام انتخابات کی تاریخ دے دی ، عدالت کوآگاہ کیا گیاکہ 11فروری کوملک بھرمیں عام انتخابات کروائے جائینگے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن صدرسے ملاقات کرکےانتخابات کی تاریخ کا تعین کرے جبکہ اٹارنی جنرل ملاقات میں قانونی معاونت بھی فراہم کریں۔صدرسے مشاورت کرکے جمعہ تک تحریری طور پر آگاہ کریں، تحریری جواب میں صدراورالیکشن کمیشن کے دستخط ہونا لازمی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں عام انتخابات کیلئے جوتاریخ دی جائے اس پرعملدرآمد کرناہوگا،ایک دفعہ تاریخ کا اعلان ہوجانے پرتصورکیا جائے یہ پتھرپرلکیرہوگی،تاریخ بدلنے نہیں دیں گے۔

سماعت کے حکم نامے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق پانچ دسمبرکوحلقہ بندیوں کے نتائج شائع ہونگے جس کے بعد انتخابی پروگرام جاری ہوگا۔الیکشن کمیشن چاہتاہے کہ الیکشن اتوار کے روز کروائے جائیں، انتخابی پروگرام کےبعد پہلا اتوار4 فروری جبکہ دوسرا اتوار 11 فروری ہوگا ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ صرف انتخابات چاہتی ہے ، انتخابات کی تاریخ دینےکےبعد کسی درخواست کو نہیں سنا جائےگا ۔

Comments are closed.