پاکستان کا اسرائیلی جارحیت کیخلاف عالمی عدالت انصاف کےفیصلے کا خیرمقدم

اسرائیل ،غزہ میں فلسطینیوں کے سلسلے میں فوری طور پر متعدد اقدامات اٹھائے

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان آئی سی جے کی جانب سے حکم امتناعی اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے، عدالت کے پاس اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے سلسلے میں فوری طور پر متعدد اقدامات اٹھائے، نسل کشی کنونشن کے ذریعے ممنوع کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’’عالمی عدالت نے اسرائیل کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو درپیش زندگی کے ناگفتہ بہ حالات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر درکار بنیادی خدمات اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’ان عارضی اقدامات کے نفاذ کے لیے غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے‘‘ جبکہ  اکتوبر 2023 سے، اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی سی جے کے فیصلے کو بروقت اور فلسطینی عوام کے لیے انصاف کے حصول اور اسرائیل کے بین الاقوامی احتساب کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل اور موثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.