ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ عام انتخابات کے پُرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عام انتخابات کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔قانو ن نافذکرنے والے اداروں اور مسلح افواج کو فخر ہے کہ انتخابی عمل کے دوران آئین پاکستان کے مطابق کردار ادا کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 ہزار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 1 لاکھ 37 ہزار فوجی اہلکار تعینات رہے جبکہ سول آرمڈ فورسز کے 7 ہزار 800 دستوں نے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر فرائض انجام دئیے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنا تھا۔ ان حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکار شہید ، 39 زخمی ہوئے جبکہ 5 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور عوامی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔مسلح افواج ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Comments are closed.