شہید مقبول بٹ کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت

شبیر احمد شاہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور چیئرمین ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی شبیر احمد شاہ نے معروف کشمیری آزادی پسند رہنما شہید محمد مقبول بٹ کو ان کے 40ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جنہیں 1984 میں آج کے ہی دن نئی دہلی کی تہاڑ بدنام زمانہ جیل میں تختہ دار پر چڑھایا تھا۔
بھارت کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں شبیر احمد شاہ نے تحریک آزادی کشمیر کے نظریہ ساز محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزاحمتی تحریک کے ایک آئیکن تھے جنہوں نے آزادی کے عظیم مقصد اور نصب العین کیلئے اپنی جان قربان کی۔
چیئرمین ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے محمد مقبول بٹ کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوری بھارت نے انہیں منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم کر کے نظام انصاف کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
شہید مقبول بٹ کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک دیانتدار انسان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اجتماعی مقصد کیلئے وقف کر دی، آزمائشوں اور مصیبتوں سے گزرے اور آخر کار اپنی قیمتی زندگی طویل عرصے سے آزادی کے حصول میں انتظار کرنے والے کشمیری عوام پر قربان کر دی۔
انہوں نے کہا کہ عظیم مقصد کیلئے شہید بٹ کی لازوال قربانیوں نے کشمیری نوجوانوں کی نئی نسل کو متاثر کیا ہے جو اس حتمی مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں جس کیلئے کشمیری شہدا نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم لیکن پرعزم عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.