ڈرامہ سیریل تیرے بن، بختاور اور اس پیار کے صدقے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ‘نایاب’ سنیما گھروں میں ریلیز کر دی گئی ہے۔
فلم میں مرکزی کردار یمنیٰ زیدی نے ادا کیا ہے جب کہ تھیٹر اداکار فواد خان نے ان کے بھائی، سینئر اداکار جاوید شیخ نے والد اور ہما نواب نے والدہ کا کردار نبھایا ہے۔
فلم کی کہانی کراچی کی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جسے کرکٹ کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق ہوتا ہے۔ لیکن اس کے والد اس کے حق میں نہیں ہوتے۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی اور فواد خان نے اپنی اداکاری سے ‘نایاب’ کو نایاب بنانے کی بھرپور کوشش کی لیکن کہانی میں جھول، کرکٹ سین فلمانے میں جلد بازی کا مظاہرہ اور دیگر معاملات پروڈیوسر کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔
عمیر ناصر علی کی ہدایات میں بننے والی فلم کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے ہے۔
فلم کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اسے بڑے پردے سے زیادہ ‘نیٹ فلکس’ کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ ہر کردار کو برابر وقت دیا گیا ہے اور اسی وجہ سے اس میں کئی مسائل نظر آئے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان میں کرکٹ کے موضوع پر کوئی فلم بنی ہو۔ اس سے قبل 2013 میں ہمایوں سعید نے اسپورٹس فلم ‘میں ہوں شاہد آفریدی’ بنائی تھی۔ لیکن اس میں بھی کرکٹ کے سین متاثر کن انداز میں نہیں فلمائے گئے تھے اور ایسا ہی کچھ ‘نایاب’ میں بھی ہوا ہے۔
Comments are closed.