ناتجربہ کارحکمران ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

 اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غلط فیصلوں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں نوابزادہ نصراللہ خان کی پندرہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عام انتخابات دو ہزار اٹھارہ میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں نے دھاندلی پراحتجاج کیا، کچھ جماعتیں تو حلف اٹھانے کے لیے بھی تیارنہ تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی جلا ؤگھیراؤ کے ذریعے ملک کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتی، اس لئے انہوں نے انتخابات میں دھاندلی پر دونوں ایوانوں کے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ لیکن کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنادی گئی ہے، اس فیصلے کو بھی قبول کیا۔ اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے، اختلافات کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک سلیکٹڈ حکومت کے حوالے کیا جا چکا ہے، ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، انہوں نے تحریک انصاف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک چندوں سے نہیں چل سکتا،یوٹیلیٹی اسٹورتک بند کیے جا رہے ہیں، عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف سوشل میڈیا پر بیان کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ نےطویل عرصے بعد کشمیر میں خلاف ورزیوں پر رپورٹ تیار کی، وزیراعظم نے خود اقوام متحدہ جانے کے بجائے وزیرخارجہ کو بھیج دیا، عمران خان جواب دیں کہ کشمیر کامسئلہ اٹھانےکے لیے وہ خود اقوام متحدہ کے اجلاس میں کیوں نہیں گئے۔

Comments are closed.