وزیراعظم سے قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قلعہ سیف اللہ، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ نے اتوار کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اکرام اللہ کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر میرے قلعہ سیف اللہ کے دورہ میں اکرام اللہ مجھے خسنوب کے امدادی خیمے میں ملا تھا، اکرام اللہ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اکرام اللہ نے حصول تعلیم کے مواقع کی عدم موجودگی پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا،اکرام اللہ نے تب اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اکرام اللہ ایک پر اعتماد، پر جوش، فرمانبردار اور سلجھا ہوا طالب علم بن چکا ہے۔وزیراعظم نے اکرام اللہ کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلیٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اللہ کے لیے مفید ثابت ہو گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے طور پر ہونہار طلباء کو میرٹ پر سکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کی سکیم شروع کی تھی اور اب اسی طرز پر وفاقی سطح پر طلباء کے لیے سکالرشپ کا منصوبہ لائیں گے، تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.