روسی دارالحکومت ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر فائرنگ کے اس واقعے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی ہے۔
روسی حکومت نے کہا ہے کہ ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی گئی کارروائیوں میں اب تک 11 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں کے تعداد 115 ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ اس واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی ہے۔
روسی حکومت کے بیان کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں سے “چار دہشت گرد ہیں”۔
روسی حکومت کے بیان سے قبل روسی پارلیمان کے ایوان زیریں (اسٹیٹ ڈوما) کے رکن آلیکسزانڈر کھنشٹائن نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا تھا کہ اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکام نے ان افراد کی گاڑی کا پیچھا کیا، جس کے بعد انہیں روسی علاقے بریانسک میں تحویل میں لے لیا گیا۔
آلیکسزانڈر کھنشٹائن کے مطابق جمعے کی رات کو ہونے والے اس حملے میں ملوث دو اور مشتبہ افراد اس کارروائی کے دوران ایک جنگل کی طرف بھاگ گئے تھے۔ روسی حکومت کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انہیں بھی بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔
Comments are closed.