آسٹریلیا نے غیر ملکی طلبہ کے ویزوں کی شرائط مزید سخت کرتے ہوئے کم از کم فنڈ کی حد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلوی حکام نےمتعدد تعلیمی اداروں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ طلبہ کو داخلے دینے کے لیے دھوکہ دہی پر مبنی راستے اختیار نہ کریں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق آسٹریلوی حکومت آئندہ جمعے سے نیا ضابطہ لاگو کر رہی ہے جس کے بعد غیر ملکی طلبہ کو ویزا کے حصول کے لیے کم از کم 29 ہزار 710 آسٹریلوی ڈالر (لگ بھگ 55 لاکھ پاکستانی روپے) کے فنڈز درکار ہوں گے۔
یعنی آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کو اپنے بینک اکاؤنٹ میں 55 لاکھ روپے ظاہر کرنا ہوں گے۔
آسٹریلوی حکومت نے طلبہ کے لیے ویزوں کے اجرا پر بینک فنڈز کی کم سے کم حد میں گزشتہ سات ماہ میں دو بار اضافہ کیا ہے۔
گزشتہ برس اکتوبر میں حکومت نے غیر ملکی طلبہ کے لیے فنڈز کی کم سے کم حد 21 ہزار 41 آسٹریلوی ڈالر (38 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے) سے بڑھا کر 24 ہزار 505 آسٹریلوی ڈالر (45 لاکھ پاکستانی روپے) کی تھی جس میں اب ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.