اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روس کے سفیر البرٹ خریف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
رپورٹ: فرحان حمید
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روس کے سفیر البرٹ خریف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافہ کرنے اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ اس خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے خطے کے ممالک میں رابطے ضروری ہیں۔
اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی سفارت کاری دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ خطے کے پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے کے لیے 2017 میں پہلی چھے ملکی اسپیکرز کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کرائی۔ میری دعوت پر ڈوما کے چیئرمین نے خصوصی طور پر شرکت کی جو باعث اعزاز ہے۔مختلف کانفرنسوں میں شرکت کے لیے متعدد بار روس جانے کے مواقع ملے۔ جن کی خوشگوار یادیں میرے ذہن میں محفوظ ہیں۔ قومی اسمبلی میں تمام ممالک کی پارلیمانوں کے ساتھ رابطوں کے لیے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیے جا رہے ہیں۔
ایاز صادق کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں قومی اسمبلی میں قائم پاک-روس پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا کنوینر رہا۔ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے کا انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے۔پاکستان میں روس کے سفیر مسٹر البرٹ خریف نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے کی اسپیکر کی تجویز کو بھی سراہا۔
Comments are closed.