دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پاکستان کے سفیر کے پیغام کو دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئےکہا ہےکہ سفارت خانہ بشکیک میں پاکستانی طلبا کی سہولت کے لیے کرغز حکام سے رابطے میں ہے کیونکہ ان کی حفاظت سفیر اور ان کی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
قبل ازیں کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے بشکیک میں طلبا کے ہاسٹلز کے باہر ہجوم کے تشدد کے واقعات کے تناظر میں پاکستانی طلباکو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیاہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں بشکیک میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستانی طلباکی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مقامی قانون نافذ کرنے والے حکام سے رابطہ کر رہا ہے۔
سفیر نے طلباسے ایمرجنسی کی صورت میں کال کرنے کے لئے ہیلپ لائن نمبرز +996555554476 اور +996507567667 بھی شیئر کئے۔ دریں اثناسوشل میڈیا کی مختلف پوسٹس میں بشکیک میں غیر ملکی طلباکے ہاسٹلز میں ہجوم کے تشدد کے واقعات کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی فوٹیجز اور تصاویر میں بہت سے لوگوں نے متعلقہ حکام سے پاکستانی طلبا کی فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
Comments are closed.