وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے وزیر اعظم محمدشہباز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباددی ۔
اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملکی ترقی و خوشحالی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے جس سے سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل میں تیزی آئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دورہ یو اے ای کے بعد چین میں بھی بہترین سفارت کاری سے ملکی ترقی وخوشحالی کی راہ ہموار کر دی،وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین ودیگر ممالک پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں،چین کے سرمایہ کاروں کی شراکت داری پر آمادگی معاشی ترقی کی راہ کھولے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اورسربلندہیں،پاکستان اور چین کا علاقائی امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ملک اچھے معاشی حالات کی جانب رواں دواں ہے، آٹا، روٹی اور دیگر ضروری اشیا کے نرخ میں کمی کا رجحان خوش آئندہے ،محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی معاشی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔
Comments are closed.