سکیورٹی فورسزکا امن دشمنوں کو منہ توڑ جواب، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اکیس دہشتگرد وں کوجہنم واصل کر دیاگیا۔ مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے پاک فوج کے دس جوان اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے چار اہلکار بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اگست کی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل ، لسبیلہ اور قلات میں بزدلانہ حملے کیے۔ملک دشمن قوتوں کی ایماء پر کی گئی ان کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں امن اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کی اوراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ارادے خاک میں ملاد ئیے۔ ان واقعات میں پاک فوج کے 10 جوانوں اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔۔
ترجمان پاک فوج کاکہناہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کی حمایت سے بلوچستان میں امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں ،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلوں کومزید تقویت دیتی ہیں۔
Comments are closed.