یوم سیاہ کشمیر: تحریک کشمیر اسپین کا 27 اکتوبر کو بارسلوناپلاسا کاتالونیا میں مظاہرہ کا اعلان

تحریک کشمیر اسپین کے صدر محمد شفیق تبسم نے اعلان کیا ہے کہ 27 اکتوبر 1948 کو انڈیا کی جانب سے کشمیر پر حملے کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک پرامن مظاہرہ 27 اکتوبر بروز اتوار، شام 4 بجے پلاسہ کتلونیا، بارسلونا میں کیا جائے گا۔

محمد شفیق تبسم نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کی تاریخ کا آغاز اسی دن ہوا تھا، جب بھارتی افواج نے کشمیر پر حملہ کر کے وہاں کی عوام کے حقوق سلب کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کشمیر اسپین اس دن کو نہ صرف کشمیریوں کی جدوجہد کی یاد دہانی کے طور پر مناتی ہے، بلکہ دنیا کو ان کے جائز حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے کی ترغیب دیتی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، اور بارسلونا میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے بھرپور اپیل کی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں شرکت کر کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرہ عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ایک کوشش ہے، تاکہ دنیا کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

محمد شفیق تبسم نے تمام محب وطن پاکستانیوں، کشمیریوں، اور انصاف پسند انسانوں سے بھرپور اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں شریک ہو کر کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے آواز اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کا حق خود ارادیت دنیا بھر کے انصاف پسند لوگوں کا مطالبہ ہونا چاہیے، اور آپ کی شرکت اس جدوجہد کو تقویت دے گی۔

آئیے، مل کر آواز اٹھائیں اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف دنیا کو بیدار کریں۔شرکت کے ذریعے آپ نہ صرف کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے بلکہ عالمی امن و انصاف کے قیام میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔

Comments are closed.