یونان کشتی حادثہ: ریسکیو آپریشن ختم کر دیا گیا، لاپتا ہونے والے افراد مردہ قرار

یونان کے کوسٹ گارڈز نے تارکینِ وطن کی تلاش کے لیے سمندر میں کیا جانے والا ریسکیو آپریشن ختم کر دیا ہے اور کہا ہے کہ لاپتا افراد کو اب مردہ تصور کیا جائے۔

یونان کے قریب 13 اور 14 دسمبر کی درمیانی شب کشتی الٹنے کے واقعے میں ہلاک و لاپتا ہونے والے بیشتر تارکینِ وطن کا تعلق پاکستان سے ہے۔

یونان میں پاکستان کے سفارت خانے نے تصدیق کی کہ ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے کیوں کہ اب سمندر میں موجود کسی شخص کے زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں۔

کشتی حادثے میں جان گنوا دینے والے افراد کی مجموعی تعداد کے حتمی اعداد و شمار تو سامنے نہیں آسکے۔ البتہ زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات کی روشنی میں مرنے والوں کی تعداد 35 سے 40 تک ہو سکتی ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے حال ہی میں اُن پانچ پاکستانیوں کے مرنے کی تصدیق کی تھی جن کی لاشیں سمندر سے نکالی گئیں۔ البتہ 47 زندہ بچ جانے والے افراد کی فہرست بھی جاری کی گئی لیکن جو افراد لاپتا ہیں اس بارے کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔

Comments are closed.