سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومتی کمیٹی کی تشکیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر آفس کے دروازے اراکین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو پیر کے روز ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی کا اعلان خوش آئند ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔
Comments are closed.