کُرم میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ ضلع میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں ایڈیشنل ایس ایچ او احمدی شمع کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، ڈی سی کُرم سمیت پانچ افراد پر حملہ کرنے والے 25 کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس سے ڈی سی کُرم اور دیگر چار افراد زخمی ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ نے علاقے کی خراب صورتحال کے پیش نظر کُرم میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا اطلاق دو ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال سے شرپسند عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس لیے دفعہ 144 کا نفاذ ضروری تھا۔ اس فیصلے کا اطلاق آج سے شروع ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ، محکمہ داخلہ نے کُرم میں دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں اس قانون کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے تاکہ ضلع میں امن و سکون بحال رکھا جا سکے۔
Comments are closed.