وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے وفد سے ملاقات کی، جس میں مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسران، اور پی بی اے کے چیئرمین میاں عامر محمود سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ وزیراعظم نے میڈیا کے کردار، معاشی استحکام، دہشتگردی کے خاتمے اور سی پیک منصوبوں پر پیشرفت پر بات کی۔
میڈیا اور حکومت کے تعلقات
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان باہمی اعتماد کا رشتہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تعمیری تنقید حکومت کی گورننس بہتر کرنے میں مددگار ہوتی ہے، اور حکومت اظہارِ رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
معاشی استحکام اور ترقی
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل چکا ہے اور معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور مہنگائی و شرحِ سود میں کمی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی و زرعی ترقی اور برآمدات میں اضافہ حکومتی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
ایف بی آر میں اصلاحات اور شفافیت
شہباز شریف نے ایف بی آر میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز میں فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جو شفافیت میں اضافے اور کرپشن کے خاتمے میں مدد دے گا۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات، چینی، کھاد اور آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام کو قومی خزانے کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔
نوجوانوں کی تعلیم و تربیت
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
سی پیک منصوبے اور دہشتگردی کے خلاف عزم
شہباز شریف نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں، اور ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔ دہشتگردی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم اس ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
سیاسی استحکام اور تنقید پر جواب
وزیراعظم نے کہا کہ کچھ عناصر ملک کے ڈیفالٹ کا خواب دیکھ رہے ہیں اور بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے ایسے عناصر کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی قربانیاں دے کر ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا ہے اور ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔
Comments are closed.