اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی برادرانہ بنیادوں پر قائم ہے اور اس پر کسی قسم کی منفی مہم قبول نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پاکستان میں حملوں کے لیے امریکی اسلحہ استعمال کیا، جو افغانستان میں امریکی افواج کے چھوڑے گئے تھے۔ پاکستان نے کابل میں موجود حکام کو اسلحے کے استعمال کے شواہد فراہم کیے ہیں اور مزید ثبوت بھی موجود ہیں۔
کشی حادثہ، امن مشقیں اور عالمی صورتحال پر تبصرہ
شفقت علی خان نے مراکش میں کشتی حادثے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بچ جانے والے پاکستانیوں کی دو پروازوں کے ذریعے وطن واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جلد ہی امن مشقوں کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، جن کا مقصد میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری کرنا ہے۔
لبنان، کشمیر اور سوڈان کے حالات پر مؤقف
ترجمان دفتر خارجہ نے جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا سے انکار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
علاوہ ازیں، سوڈان میں سعودی ہسپتال پر حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
Comments are closed.