حکومت ہوش کے ناخن لے، عوام کو گولی اور ڈنڈے کے زور پر نہ دبائے: عمر ایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو گولی اور ڈنڈے کے زور پر دبانے کی روش ترک کریں۔

لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے متنازع پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن بل کے حق میں ووٹ دیا، جو کہ جمہوری آزادیوں کے خلاف ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین منظور کرنے پر پیپلز پارٹی کو شرم آنی چاہیے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ان قوانین کا مقصد پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو دبانا ہے، لیکن تحریک انصاف نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ان کی بھرپور مخالفت کی۔

ملک کے حالات تشویشناک، حکومت کی پالیسیوں پر تنقید

تحریک انصاف کے رہنما نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھی کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، جبکہ معاشی حالات بھی بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں کوئی سرمایہ کاری کیسے آئے گی؟

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کا سامنا نہیں کر سکتی، لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں پر فوراً چڑھ دوڑتی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ ان کی پارٹی کے بانی سے ملاقات بھی نہیں کرائی جا رہی، جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔

عمر ایوب نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے سے باز رہے اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے۔

Comments are closed.