انتہا پسندی کی گنجائش نہیں، پرامن اور روادار معاشرہ تشکیل دینا ہوگا: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا حسین گلدستہ رہا ہے، جہاں تمام شہریوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔

بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتے کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب سب کا ہے اور یہاں ہر شخص بلا خوف و خطر اپنی عبادات ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب محبت، امن اور رواداری کا درس دیتے ہیں، جو کہ ایک حقیقی فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے۔

بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اختلافات ضرور رکھیں لیکن دین کی تعلیم اور تہذیب کا دامن نہ چھوڑیں۔ عقائد کا احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہی پائیدار امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پنجاب حکومت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں اقلیتوں کے تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اقلیتوں کے لیے حکومتی اقدامات

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ نادار اقلیتی افراد کے لیے “مینارٹی کارڈ” متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت انہیں سہ ماہی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح، مندروں، گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کی بحالی اور مرمت کے منصوبے جاری ہیں، تاکہ تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے عقائد کے مطابق آزادی سے عبادت کر سکیں۔

تعلیم، روزگار اور تہواروں کی سرکاری سطح پر تقریبات

مریم نواز نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری کے تہوار حکومتی سطح پر منائے جا رہے ہیں، اور ان کے فلاحی بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو عام کریں اور ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔

Comments are closed.