وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی مثبت پیش رفت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے روئیے پر تشویش کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے اس موقع پر ایاز صادق کی سیاسی ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے ملک میں بہتری کی جانب گامزن معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔

Comments are closed.