پاکستان مزید مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا، جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے: بلاول بھٹو زرداری

آکسفورڈ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مزید کسی مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کا مستقبل آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور آزادی صحافت سے جڑا ہوا ہے۔

“والدہ نے بدلہ لینا نہیں سکھایا، اسی لیے ہمیشہ کہتا ہوں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے،” بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کہا۔

بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور خواتین کا کردار

بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ، سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی جمہوری خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف جمہوریت کے استحکام کے لیے قربانیاں دیں بلکہ خواتین کے لیے سیاست میں آگے بڑھنے کا راستہ بھی ہموار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ “بینظیر بھٹو کو کئی بار نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی مگر وہ بلاخوف سیاست میں متحرک رہیں اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ آج پاکستان میں پنجاب کی وزیراعلیٰ بھی ایک خاتون ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بینظیر بھٹو نے ملک میں خواتین کی قیادت کو ممکن بنایا۔”

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے ان کی جماعت اپنی کوششیں جاری رکھے گی، اور وہ پاکستان میں ایک ایسا مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں جہاں ہر فرد کو برابری کے حقوق حاصل ہوں اور جمہوریت مستحکم ہو۔

Comments are closed.