ماڑی انڈس: عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئین کے مطابق چلانے سے ہی ملک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو انصاف کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم آئین سے دور ہو چکے ہیں، جبکہ اللہ نے ہمیں زندگی گزارنے کے اصول دیے ہیں، جن پر عمل کر کے ہم ترقی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام آئینی عہدے دار آئین پاکستان پر حلف اٹھاتے ہیں، اور آج ہر شہری یہ سوال کر رہا ہے کہ ملک کا مستقبل کیا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی آئین پر عمل کرنے میں ہے۔
پاکستانی قوم خیرات میں سب سے آگے، لیکن ٹیکس دینے سے گریزاں
شاہد خاقان عباسی نے پاکستانی قوم کی سخاوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دینے والی قوم پاکستانی ہیں، لیکن بدقسمتی سے ٹیکس دینے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فکری اختلافات کی اسلام میں کوئی خاص اہمیت نہیں ہے اور مغربی ممالک میں بھی غزہ کے مسئلے پر بھرپور آواز بلند کی گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ملک کو حقیقی ترقی دینی ہے تو آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔
Comments are closed.