نوشہرہ: خیبرپختونخوا کے علاقے اکوڑہ خٹک میں واقع دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا، جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق، دھماکے میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق شدید زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو کارروائیاں اور سیکیورٹی اقدامات
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دھماکا خودکش تھا، آئی جی خیبرپختونخوا
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا، جس میں مولانا حامد الحق کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی تھریٹس موجود ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا ردعمل
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے مولانا حامد الحق اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور واقعے کو اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے حکمرانوں سے نجات انتہائی ضروری ہے
Comments are closed.