پنجاب میں 3 مرلہ فری پلاٹ اسکیم، وزیراعلیٰ مریم نواز کا مارچ تک اہداف مکمل کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 3 مرلہ فری پلاٹ اسکیم کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے ڈائریکٹر جنرل نے اسکیم کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے پھاٹا حکام کو ہدایت کی کہ مارچ تک اسکیم کے تمام اہداف مکمل کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، فری پلاٹ حاصل کرنے والے مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے فراہم کرنے کے آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ہاؤسنگ اسکیموں کی بحالی کے لیے احکامات

اجلاس میں مریم نواز شریف نے 19 اضلاع میں پھاٹا کی 23 سابقہ ​​ہاؤسنگ اسکیموں کی بہتری اور بحالی کا حکم دیا۔ انہوں نے اسکیموں کی بحالی کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

“اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت قرضوں کی 100 فیصد واپسی

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت لیے گئے قرضوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور حیران کن طور پر قرضوں کی واپسی کی شرح 100 فیصد رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت 9,661 مکانات زیر تکمیل ہیں، جو جلد مستحق خاندانوں کے حوالے کیے جائیں گے۔

پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت جب لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنتے دیکھتی ہوں تو دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ مریم نواز نے عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔

Comments are closed.